شمالی وزیرستان؛ چیک پوسٹ پر حملہ، پاک فوج کے 2 افسران، 5 جوان شہید

پاک فوج

Pak Army

سکیورٹی فورسز کی جوابی کاروائی سے 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے

شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے 2 افسران اور 5 جوان شہید ہوگئے، جوابی کارروائی میں 6 دہشت گرد بھی مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں 6 دہشت گردوں پر مشتمل گروہ نے پاک فوج کی سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے دراندازی کی کوشش ناکام بنائی تو دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی چوکی سے ٹکرا دی، اس کے بعد متعدد خودکش بم حملے ہوئے، جس کے نتیجے میں ایک عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا اور دہشتگرد حملے میں پاک فوج کے 5 جوان شہید ہوگئے۔

شہدا میں حوالدار صابر (خیبر)، نائیک خورشید (لکی مروت)، سپاہی ناصر (پشاور)، سپاہی راجا (کوہاٹ) اور سپاہی سجاد (ایبٹ آباد) شامل ہیں۔

پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ کلیئرنس آپریشن کے دوران لیفٹیننٹ کرنل کاشف کی قیادت میں فوجی دستوں نے مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے تمام 6 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا۔

تاہم فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی (کراچی) اور کیپٹن محمد احمد بدر (تلہ گنگ) نے بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرلیا۔

پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے دہشت گرد کا قلع قمع کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

جبکہ صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے سکیورٹی فورسز پر ہوئے حملوں کی شدید مزمت کی ہے ۔

صدر مملکت اور وزیراعظم شہباز شریف نے شہداء کے لیے بلندی درجات اور لواحقین کےلیے صبر جمیل کی دعا بھی کی ۔

یہ بھی پڑھیں؛ پاکستان کے صدراور انکی عروج وزوال پر مشتمل 75سالہ تاریخ

Exit mobile version