مودی سرکار کی میڈ ان انڈیا مہم میں تیار ہتھیار ناقص اور غیرمعیاری نکلا
بھارتی سرکار کی شروع کردہ میڈ ان انڈیا مہم خطرے سے دوچار ہوگئی۔ بھارتی حکومت نے مقامی سطح پر ہتھیاروں کی تیاری کی مہم شروع کی جو غیر معیاری اور ناقص نکلا۔ بھارتی فوج نے بھی مقامی ساختہ ٹینکوں، توپ خانے، فضائی دفاع اور دیگر اسلحہ اور گولہ بارود کے ناقص معیار کی وجہ سے بڑی تعداد میں ہونے والے حادثات پر خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھارت ملکی سطح پر تیارہتھیاروں کی تیاری اور کوالٹی پروڈکشن میں بہت پیچھے ہے، مئی 2017 میں بھارتی فوج نے جنوبی کوریا کو کے نائن وجرا سیلف پروپیلڈ ہووٹزر کے 100 یونٹس کا آرڈر دیا تھا۔ یونٹس کو میڈ ان انڈیا کے تحت بھارت میں تیار کیا گیا مقامی طور پر تیار کردہ یونٹس ناقص نکلے۔
اسی طرح گزشتہ سال بھی بھارتی فضائیہ کے دو جہاز تکنیکی خرابی کے باعث اتر دپیش میں گر کر تباہ ہوگئے، اس حادثے کے بعد بھارتی فوج نے وزارت دفاع کو رپورٹ بھیجی کہ گولہ بارود اور ہتھیاروں سے متعلق حادثات میں خطرناک حد تک اضافہ ہلاکتوں، زخمیوں اور آلات کے نقصان کا باعث بن رہا ہے۔
ٹیسٹ فائرنگ کے دوران اسی طرح کے حادثات کے بعد بھارتی ساختہ سازوسامان اور گولہ بارود کے معیار پر ماضی میں بھی بھارتی فوج اور بین الاقوامی سطح پرسوال اٹھائے گئے، یہ واقعات بھارت کی دفاعی پیداواری صلاحیتوں خصوصاً فوجی سازوسامان برآمد کرنے کے حوالے سے ناقص معیار کو ظاہر کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں؛کینیڈا؛ بھارت کا قاتل اسکواڈ پکڑا گیا؛ 3 افراد گرفتار مزید کی تلاش جاری
اسی طرح بھارت کی مقامی طور پر تیارکردہ انساس 90 رائفلز بھی عالمی معیار پر پورا نہ اترنے کے باعث دنیا بھر میں جگ ہنسائی کا باعث بن رہی ہے۔
مودی سرکار کے بھارتی ترقی کے نت نئے دعووں کی قلعی کھل رہی ہے۔ یاد رہے کہ میڈ ان مہم میں بھارت نے فیصلہ کیا تھا کہ وہ اپنے استعمال کا بنیادی اسلحہ نہ صرف مقامی سطح پر تیارکریگا بلکہ دنیا کو فروخت بھی کریگا۔