امریکی شہری ہرش گولڈ برگ کی لاش زیر زمین سرنگ سے ملی ، جس کے ساتھ دیگر 5 اسرائیلیوں کی لاشیں بھی تھیں
غزہ؛ اسرائیلی فوج کو رفح کے علاقے سے ایک امریکی شہری سمیت 6 اسرائیلیوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، اسرائیلی فوجیوں کے بقول شبہ ہے کہ لاشیں برآمد ہونے سے کچھ ہی دیر قبل انہیں قتل کیا گیا ہے، خبررساں ادارے روئیٹرز کے مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان ریئر ایڈمرل ڈینیئل ہگاری نے ایک بریفنگ کے دوران صحافیوں کوبتایا کہ ہمیں رفح میں سرنگ سے ایک امریکی شہری سمیت 6 اسرائیلیوں کی لاشیں ملی ہیں،’ہمارے ابتدائی اندازے کے مطابق اسرائیلی فوجیوں کے پہنچنے سے کچھ ہی دیر قبل یرغمالیوں کی قتل کیا گیا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے مغویوں کی لاشیں ملنے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کا دل ٹکڑے ٹکڑے ہو گیا ہے۔ میں ان کے اہل خانہ کو دل سے گلے لگاتا ہوں، اور معذرت خواہ ہوں کہ ہم انہیں بحفاظت گھر نہیں لاسکے۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے یرغمال امریکی شہری کی لاش ملنے پر جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ صدر بائیڈن کا کہنا تھا کہ میں رنج و غم اور غصے میں ہوں، امریکی صدر جوبائیڈن نے گزشتہ دنوں کہا تھا کہ غزہ میں موجود یرغمالیوں میں ایک امریکی شہری بھی ہے۔
حماس اور اسرائیل کی تین روزہ جنگ بندی کے دوران غزہ میں پولیو مہم شروع
دوسری جانب حماس کے سینئر اہلکار عزت الرشیق نے کہا ان لاشوں کی ذمہ داری اسرائیل پر ہے کیوںکہ اس نے جنگ بندی معاہدے پر دستخط کرنے سے انکار کردیا تھا، لہذا جنگی ہلاکتوں کا ذمہ دار بھی وہی ہے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے برآمد کی گئی لاشوں میں امریکی شہری برش گولڈ برگ پولن جبکہ باقی اسرائیلی شہریوں کارمل گیٹ، ایڈن یروشلمی، الیگزینڈر لوبانوف، الموگ ساروسی اور اوری ڈیینو کی لاشیں شامل ہیں۔