کشمیری 5 اگست کو یوم استحصال کے طور پر منائیں گے، مسرت عالم بھٹ

یوم استحصال

کشمیرکی کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی حکومت کی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کےخلاف 5 اگست کو یوم استحصال منانے کی اپیل کردی

سرینگر؛ ریاست کشمیر کو تقسیم کرتی کنٹرول لائن کے آرپار اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری 5 اگست کو یوم استحصال کشمیر منائیں گے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے نظر بند سربراہ نے اپنے ایک پیغام میں کشمیری قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارت کے ظالمانہ اقدام اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کے خلاف دنیا کو واضح پیغام دینے کےلیے 5 اگست کو یوم استحصال منائیں گے۔

نظر بند حریت قیادت نے اپنے الگ الگ پیغامات میں کہا کہ 5اگست 2019مقبوضہ جموں وکشمیر کے لئے سیاہ ترین دنوں میں سے ایک ہے۔انہوں نے کہا کہ پانچ سال کے مسلسل فوجی اور پولیس محاصرے،ظلم وبربریت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں نے پورے علاقے میں تباہی مچا دی ہے جسے بھارت کی فرقہ پرست ہندوتوا حکومت نے ایک ٹارچر سیل میں تبدیل کر دیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی رہنمافریدہ بہن جی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں پانچ اگست 2019 کو کشمیر کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ان یکطرفہ اور غیرقانونی اقدامات سے کشمیر کی متنازعہ حیثیت تبدیل نہیں ہوسکتی۔

جبکہ قید حریت رہنماء اور تحریک وحدت اسلامی کے چئیرمین فیاض حسین جعفری اور پیروان ولایت کے سربراہ سید سبط شبیر قمی نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ مودی حکومت نے 5اگست2019کو جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے کشمیریوں کی شناخت، تہذیب وتمدن اور تشخص ختم کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں نے اس غیر قانونی بھارتی اقدام کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ بھارت کے ناجائز تسلط کے خلاف ہم اپنی مزاحمت جاری رکھے ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ 5 اگست کا دن کشمیریوں کےلیے ایک سیاہ ترین دن ہے، اور کشمیری قوم اس دن کو یوم استحصال کے طور پر مناتی ہے۔

بھارت کی تہاڑ جیل میں قید کشمیری رہنماؤں پر نئی پابندیاں عائد

دوسری جانب تحریک حریت آزادکشمیر شاخ کے رہنماء اور قائدین نے بھی 5 اگست کو یوم استحصال منانے کا اعلان کردیا ہے۔ تحریک حریت آزاد کشمیر کے بانی الطاف حسین وانی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ یہ دن بھارت کے نوآبادیاتی منصوبے کے آغاز کی نشان دہی کرتا ہے جو ہر صورت میں کشمیر، اس کے عوام اور وسائل پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔

 انہوں نے خطے میں جارحانہ عزائم پر بی جے پی حکومت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 5اگست کا اقدام کشمیریوں کے قومی تشخص پر ایک ظالمانہ حملہ تھا۔ اس دن کو کشمیری یوم استحصال کےطور منائیں۔

واضح رہے کہ 5 اگست 2019 کو بھارت کی مودی سرکار نے 2019کواقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارتی آئین کی دفعہ 370کو ختم کرکے علاقے کا فوجی محاصرہ کیاتھاجس کے تحت مقبوضہ جموں و کشمیر کو خصوصی حیثیت حاصل تھی۔

Exit mobile version