شہبازشریف نے 201 ووٹ جبکہ عمر ایوب خان نے 92 ووٹ حاصل کیے
شہباز شریف پاکستان کے 24ویں وزیر اعظم منتخب ہوگئے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اتحادی جماعتوں کے نامزد کردہ امیدوار شہباز شریف دوسری بار پاکستان کے وزیراعظم منتخب ہوگئے۔ قائد ایوان کے لیے ن لیگ کے صدر شہبازشریف اور پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کے درمیان مقابلہ تھا۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی زیر صدارت وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا۔ اجلاس کا آغاز 11 بجے ہونا تھا جو 12 بجے ہوا۔ اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ جس کے بعد قومی ترانہ پڑھا گیا۔
اجلاس کے دوران اراکین قومی اسمبلی نے ووٹنگ کے ذریعے نئے قائد ایوان کا انتخاب کیا
جے یو آئی کے اراکین وزیراعظم کے انتخاب کی کارروائی کا حصہ نہ بنے اور قومی اسمبلی ہال کے دروازے بند ہونے سے قبل جے یو آئی کے اراکین ہال سے باہر چلے گئے۔ جبکہ سردار اختر مینگل ایوان میں بیٹھے رہے اور انہوں نے کسی کو بھی ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔
سیکرٹری قومی اسمبلی نے ووٹوں کا ریکارڈ اسپیکر ایاز صادق کو پیش کر دیا۔
بعدازاں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قومی اسمبلی میں وزیراعظم کے لیے ہونے والے انتخاب کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ شہبازشریف 201 ووٹ لے کر وزیراعظم پاکستان منتخب ہو گئے۔ شہبازشریف پاکستان کے 24 ویں وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں۔
اسپیکر نے مزید بتایا شہباز شریف کے مد مقابل سنی اتحاد کونسل کے حمایت یافتہ امیدوار عمر ایوب خان نے 92 ووٹ حاصل کیے جبکہ کل 293 ووٹ کاسٹ ہوئے۔
نتائج کا اعلان ہونے کے بعد شہبازشریف، نواز شریف اور آصف علی زرداری سے جاکر گلے ملے۔
اجلاس کے دوران نوازشریف اور شہباز شریف کی ایوان میں آمد پر اراکین نے شیر شیر کے نعرے لگائے اور ڈیسک بجا کر استقبال کیا۔ جبکہ سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے ڈیسک پر بانی پی ٹی آئی کی تصاویر رکھیں۔