رواں ہفتے عمران خان کو دوسرا بڑا ریلیف مل گیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو ایک اور مقدمہ میں ریلیف مل گیا۔ نے تھانہ مارگلہ میں درج غیر قانونی ریلی نکالنے کے کیس میں عمران خان، اسد عمر، علی نواز اعوان و دیگر شریک تمام ملزمان کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے باعزت بری کردیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس نے بانی پی ٹی آئی اور تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں کے خلاف درج غیر قانونی ریلی نکالنے کے مقدمے کی سماعت کی۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی، اسد عمر، علی نواز اعوان اور دیگر تمام شریک ملزمان کو بھی مقدمے سے باعزت بری کر دیا۔
واضح رہے کہ اسلام اباد کے تھانہ مارگلہ میں 6 مئی 2023 کو مقدمہ درج کیا گیا تھا، مقدمے میں غیر قانونی ریلی نکالنے، کار سرکار پہ مداخلت اور نقص امن پیدا کرنے کی دفعات شامل کی گئی تھیں۔
مقدمہ کے مطابق جناح ایونیو چوک پر پی ٹی آئی کی ریلی بانی پی ٹی آئی کی ایما اور سوشل میڈیا پر دیے گئے پیغام کے تحت نکالی گئی، جس کی سربراہی اسد عمر، خرم نواز اور علی نواز اعوان کر رہے تھے۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ملزمان نے جناح ایونیو مہران گیٹ ایف-9 پارک کے سامنے پہنچ کر عوام کا راستہ بند کردیا اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی، اور لوگوں کو حکومت کے خلاف اکسایا۔
یہ بھی پڑھیں؛پاکستان کے صدراور انکی عروج وزوال پر مشتمل 75سالہ تاریخ
ایف آئی آر کے مطابق اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ تھی، لاؤڈ اسپیکر پر آگاہ کرنے کے باوجود شرکا نے روڈ بند کرکے ریلی جاری رکھی، شرکا ریلی نے عمران خان کی ایما پر عوام کا راستہ روک کر نقص امن پیدا کیا۔
یاد رہے کہ رواں ہفتے بانی تحریک انصاف کو عدالت کی جانب سے دوسرا بڑا ریلیف ہے۔ اس سے قبل گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور اہلیہ بشری بی بی کی سزا معطل کرتے ہوئے رہائی کا حکم دے دیا تھا۔