گائیڈڈ راکٹ سسٹم 400 کلومیٹر کی رینج کا حامل ہے
پاکستان نے کامیابی کے ساتھ فتح 2 گائیڈڈ راکٹ سسٹم کا تجربہ کرلیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ پاکستان نے فتح 2 گائیڈڈ راکٹ سسٹم کا کامیاب تجربہ کیا جس کی رینج 400 کلومیٹر ہے۔ گائیڈڈ راکٹ فتح ٹو جدید ترین نیوی گیشن سسٹم سے لیس ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تجربے کا مقصد لانچ کی مشقوں اور طریقہ کار کو مکمل کرنا تھا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق فتح ٹو درستگی سے اہداف کو نشانہ بنانے اور کسی بھی میزائل دفاعی نظام کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، فتح ٹو راکٹ سسٹم کو پاکستان کے آرٹلری ڈویژنز میں شامل کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں؛بھارت اور ایران کا چاہ بہار پر معاہدہ؛ امریکہ کی وارننگ
فتح 2 راکٹ کے کامیاب تجربہ کے موقع پر چیف آف جنرل اسٹاف اور مسلح افواج کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔ جبکہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے کامیاب تجربے پر پاک فوج اورقوم کو مبارکباد دی۔
اس سے قبل پاکستان نے 2021 میں اپنی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کرتے ہوئے مقامی طور پر تیار کردہ گائیڈڈ راکٹ سسٹم فتح-ون کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فتح ون راکٹ روایتی جنگی ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
Comments 1