پاکستانی زائرین کی بس براستہ ایران عراق جارہی تھی بریکس فیل ہونے سے پیش آنے والے حادثے میں 48 افراد زخمی ہوئے
تہران؛ ایران کے راستے عراق جانے والے پاکستانی زائرین کی بس کو ایک بار پھر حادثہ پیش آگیا، ایرانی نیوز ایجنسی ارنا کے مطابق پاکستانی زائرین کی بس کو صوبہ کرمان کے شہر سرجان کے قریب حادثہ پیش آیا، حادثے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 48 سے زائد زخمی ہوگئے، ابتدائی اطلاعا ت کے مطابق حادثہ ایک ٹرک سے ٹکرانے کے باعث پیش آیا۔
ایرانی خبررساں ادارے ارنا کے مطابق پاکستانی سے عراق جانے والے زائرین کی بس صوبہ فارس کے شہر نیریز اور صوبہ کرمان کے سرجان کے درمیان مرکزی سڑک پر ایک ٹرک سے ٹکرا گئی، جس کے نیتیجے میں تین افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ 48 افراد زخمی ہوئے، زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے سرجان ہسپتال میں منتقل کیا گیا۔
ارنا کے مطابق فارس ٹریفک پولیس کے ایک آفیسر کے مطابق حادثہ بس کی بریکس فیل ہونے کے نتیجے میں آیا، بریکس میں ’تکنیکی خرابی‘ اور ڈرائیور کی ’گاڑی کو کنٹرول کرنے میں ناکامی‘ کی وجہ سے پیش آیا۔
ایران؛ پاکستانی زائرین کی بس حادثے کا شکار، 35 افراد جان بحق ہوگئے
واضح رہے کہ نواسہ رسول ﷺ کے چہلم کے سلسلے میں پاکستانی زائرین کی بڑی تعداد براستہ ایران عراق جاتی ہے، اور اس سال ایک ہی ہفتے میں پاکستانی زائرین کی بس کو دوسرا حادثہ پیش آیا ہے۔
اس سے قبل 21 اگست کو ایرانی شہر یزد میں پاکستانی زائرین کی بس خوفناک حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں 28 افراد جاں بحق ہو گئے تھے، تاہم جنکی میتیں ضروری کاروائی کے بعد 24 اگست کو پاکستان پہنچ گئی تھی