ریسکیو ٹیموں کو 14 گھنٹے گزرنے کے بعد ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کا ملبہ ملا
تہران؛ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور ایرانی وزیرخارجہ ہیلی کاپٹر حادثہ میں جاں بحق ہوگئے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق نائب صدر محمد مخبر نے انکی موت کی تصدیق کردی ہے۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے کی تقریباً 14 گھنٹے بعد ریسکیو ٹیموں کو ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا۔ ہیلی کاپٹر میں موجود کسی بھی فرد کو زندہ نہیں بچایا جاسکا۔
اس کے علاوہ برطانوی خبر رساں ادارے نے بھی ایرانی صدر اور وزیرخارجہ حادثہ میں جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ ہیلی کاپٹر میں ایرانی وزیر خارجہ امیرعبد الہیان، مشرقی آذربائیجان کے گورنر ملک رحمتی اور صوبے میں ابراہیم رئیسی کے نمائندے آیت اللہ محمد علی بھی سوار تھے۔
ابراہیم رئیسی آذربائیجان کے سرحدی علاقے میں ایک ڈیم کا افتتاح کرکے واپس تبریز شہر آرہےتھے کہ انکا ہیلی کاپٹر خراب موسم کے باعث حادثہ کا شکار ہوگیا۔ حادثہ کے بعد خراب موسم کی وجہ سے ریسکیو ٹیموں کو جائے حادثہ پر پہنچنے اور ہیلی کاپٹر کا ملبہ تلاش کرنے میں کافی وقت لگا۔ بالآخر 14 گھنٹوں کے بعد ریسکیو ٹیمیں ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر ملبے تک پہنچی۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا ہیلی کاپٹر کریش ہوگیا
ابراہیم رئیسی کی وفات کے بعد ایران کے نائب صدر محمد مخبر سپریم لیڈر کی اجازت سےصدارت کا منصب سنبھالیں گے۔
اس سے قبل حکومت کے ترجمان علی بہادری جہرومی نے اتوار کو بتایا تھا کہ بتایا کہ محمد مخبر حکومت کے دیگر ارکان کے ساتھ تبریز روانہ ہوگئے ہیں۔ علی بہادری جہرومی نے مزید کہا کہ حکومتی کابینہ کا اجلاس بھی ہوا جس میں لاپتہ ہیلی کاپٹر کے بارے میں تازہ ترین رپورٹس پیش کی گئی ہیں۔ جبکہ اب ابراہیم رئیسی کی موت کی تصدیق کے بعد محمد مخبر صدارت کا منصب سنبھالیں گے