عازمین حج کی تعداد کے استقبال اور انتظامات کےلیے سعودی حکومت کی تیاریاں شروع
اس سال سعودی عرب میں حج کی ادائیگی کے لیے ریکارڈ تعداد میں عازمین حج کی آمد متوقع ہے۔ سعودی وزارت حج وعمرہ کے مطابق اس سال 20 لاکھ سے زائد حجاج کی آمد متوقع ہے۔ حج کے دوران مکہ مکرمہ اور اس سے ملحق علاقوں میں حجاج کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے اور کسی بھی قسم کی دشواری سے بچانے کے لیے بھرپور تیاریاں کی گئی ہیں۔
گزشتہ برس دنیا بھر سے آئے ہوئے 18 لاکھ سے زائد افراد نے حج کا فریضہ ادا کیا تھا۔ اس بار سعودی حکومت نے بیرونِ ملک سے آنے والے عازمین حج کو زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کی غرض سے خصوصی انتظامات پر توجہ دی ہے اور اس حوالے سے تیاریاں بہت پہلے شروع کردی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں؛کینیڈا؛ بھارت کا قاتل اسکواڈ پکڑا گیا؛ 3 افراد گرفتار مزید کی تلاش جاری
اسی طرح مسجد نبوی میں بھی حجاج کے لے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ کیونکہ رمضان المبارک میں مسجد نبوی میں بھی کثیر تعداد میں لوگوں نے حاضری دی۔ ایک ریکارڈ کے مطابق رمضان المبارک میں 3 کروڑ 30 لاکھ افراد نے مسجد نبوی میں حاضری دی تھی۔ جبکہ حج کے لیے آنے والے افراد حج سے قبل یا بعد میں مسجدِ نبوی میں روضہ رسول اللہ پر حاضری دیتے ہیں۔
اسی لیے اس بار مدینہ منورہ میں باہر سے آنے والوں کی سہولت کے لیے حکومت نے 3500 افراد کو ذمہ داریاں سونپی ہیں۔ مدینہ منورہ میں تمام مقدس مقامات کی تزئینِ نو کی گئی ہے۔