جاں بحق ہونے والے تمام کان کنوں کا تعلق خیبرپختونخوا کے علاقے سوات سے ہے
بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں کوئلہ کان میں دم گھٹنے سے 11 کان کن جاںبحق ہوگئے۔ یہ واقعہ کوئٹہ سے 40 کلومیٹر دور سنجدی کے علاقے میں پیش آیا جہاں ایک کوئلے کی کان میں کان کن کام کررہے تھے کہ گیس کے اخراج کی وجہ سے دم گھٹنے سے انکی موت واقع ہوگئی۔
چیف مائنز انسپکٹر عبدالغنی کے مطابق کان کنوں کی موت سی او گیس کے اخراج کی وجہ سے ہوئی۔ جاں بحق افراد کی لاشیں کان سے نکال کر قریبی اسپتال منتقل کردی گئیں ہیں۔ جبکہ جاں بحق ہونے والے تمام کان کنوں کا تعلق خیبرپختونخوا کے علاقے سوات سے ہے۔
بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند کے مطابق محکمہ مائیز اینڈ منرلز کی ابتدائی رپورٹ موصول ہوگئی ہے جس کے مطابق کان میں زہریلی گیس سے 9 مزدور ، 1 ٹھیکے دار اور 1 مائنز منیجر جاں بحق ہوئے۔
بلوچستان؛ مسافر بس کھائی میں گرنے سے 28 افراد جاں بحق
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے پر کمپنی کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے، واقعےکی تفصیلی رپورٹ آئندہ 24 گھنٹے میں پیش کر دی جائے گی۔
تمام جان بحق کان کنوں کی لاشیں ضروری کاروائی کے بعد انکے آبائی علاقے سوات کی طرف روانہ کردی جائیں گی۔