پاکستان کو ’افراتفری اور تفریق کی سیاست‘ سے آگے بڑھنا ہو گا: آرمی چیف

آرمی چیف

پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے عام انتخابات کے کامیاب انعقاد پر قوم کو مبارکباد دی ۔

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بیان میں مزید کہا گیا کہ ’قوم کو مستحکم ہاتھوں اور مداوے کی ضرورت ہے تاکہ وہ افراتفری اور تفریق کی سیاست سے آگے بڑھ سکے۔

افراتفری اور نفرت کی سیاست  25 کروڑ کی آبادی والے ترقی پذیر ملک کے لیے مناسب نہیں۔‘

جمعرات آٹھ فروری کو پاکستان میں عام انتخابات کے دوران پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد پاکستان فوج نے ایک بیان میں پرامن اور تشدد سے پاک انعقاد پر قوم کو مبارک باد پیش کی تھی۔

راولپنڈی سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے اس بات پر فخر محسوس کرتے ہیں کہ انہوں نے انتخابی عمل کے دوران، سول طاقت کی مدد سے اور پاکستان کے آئین کے مطابق تحفظ فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔‘

تقریباً 6000 انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز پر ایک لاکھ 37 ہزار فوجی اہلکاروں اور سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی کے ساتھ عوام کے لیے محفوظ ماحول کو یقینی بنایا گیا۔‘

’ ملک بھر میں 51بزدلانہ دہشت گرد حملوں کے باوجود، جن میں زیادہ تر کے پی اور بلوچستان میں تھے۔جن کا مقصد انتخابی عمل میں خلل ڈالنا تھا، افواج پرعزم رہیں اور پورے پاکستان میں امن اور سلامتی کو مؤثر طریقے سے یقینی بنایا۔‘ پاکستان فوج کے جاری شدہ بیان کے مطابق ان حملوں میں 12 افراد (جن میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 10 اہلکار بھی شامل ہیں) جان سے گئے اور 39 زخمی ہوئے۔

Exit mobile version