صحت مند خصوصیات کا حامل وٹامن C کینسر کے خلیات سے لڑنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے
دنیا بھرمیں طبی تحقیق پر شب وروز کام جاری ہے ۔روزانہ نئی سے نئی تحقیق منظر عام پر آتی ہے۔ ایسے ہی ایک تحقیق سامنے آئی ہے کہ وٹامن سی کینسر کے خاتمے کا سبب بن سکتا ہے۔
وٹامن سی جسے اسکاربک ایسڈ بھی کہتے ہیں ویسے تو زبردست شفائی خصوصیات کا حامل ہے۔ یہ دفاعی نظام کو تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اچھی جلد اور بالوں کی صحت کو بھی برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ جبکہ یہ مختلف بیماریوں کے علاج کے لئے بھی اکسیر ہے ۔
تاہم امریکا میں ہونے والی جدید ترین تحقیق میں ثابت ہوا ہے کہ وٹامن سی جان لیوا ٹیومر سیلز کو بھی ختم کرتا ہے۔
جس سے کینسر کے علاج کے نئے راستے کھلنے کی اُمید پیدا ہو چلی ہے۔ ابتدائی نوعیت کی اس تحقیق میں جس میں پھیپھڑوں اور لبلبہ کے کینسر میں مبتلا افراد نے حصہ لیا۔ یہ بات سامنے آئی کہ اگر کیموتھراپی یا ریڈیو تھراپی کے ساتھ وٹامن سی کو بشکل انجکشن جسم میں داخل کیا جائے تو مریض کی مجموعی صحت بہتر ہوتی ہے اور کینسر کے علاج پر بھی اچھا اثر پڑتا ہے۔
ماہرین کے مطابق جسم میں وٹامن سی کھانے کے مقابلے میں اس کا انجکشن لگانے سے خون کی سطح میں 100 سے 500 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اسکی کی یہ مقدار کینسر کے خلیات سے لڑنے میں بھرپور مدد فراہم کرتی ہے۔ وٹامن سی ایک اینٹی آکسیڈنٹ مرکب ہے جو نارنگی‘چکوترے‘لیموں‘بند گوبھی‘شملہ مرچ‘اسٹرابیری اور رس بھری میں پایا جاتا ہے۔
وٹامن سی نہ صرف نزلہ زکام سے بچاتا ہے بلکہ امراضِ قلب سے محفوظ رکھتا ہے سوزش میں کمی لاتا ہے۔ بلڈ پریشر کم کر کے فالج کا حملہ ٹالتا ہے۔دمے کی علامات کو کنٹرول کرنے کے علاوہ زخموں کو مندمل کرتا ہے۔ دانتوں کو گوشت خورہ سے تحفظ اور علاج بھی فراہم کرتا ہے۔