بزرگ نمازیوں کی فٹنس کو بہتر کرنے کے لیے یہ اقدام کیا گیاہے
ترکی کے تاریخی شہر استنبول کی ایک مسجد میں بزرگ نمازیوں میں جسمانی تندرستی کو فروغ دینے کے لیے ایک منفرد اقدام کیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق استنبول کی ڈسٹرکٹ کونسل کے زیر قیادت عبدالحمید ہان مسجد کے احاطے میں ورزش اور فٹنس کی کلاسوں کا آغاز کیا گیا ہے جس میں نمازی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔
یہ سرگرمی فی الحال ترکی کے مرکزی شہر استنبول کی ایک ہی مسجد میں شروع کی گئی ہے۔ جس میں تقریباً 30 سے 35 بزرگ نمازی حصہ لے رہے ہیں تاہم ان کا کہنا ہے کہ جلد ہی خواتین کے لیے بھی اس طرح کی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔
اس سرگرمی کا مقصد نمازیوں کے روزمرہ کے معمولات میں ورزش کو شامل کرنا ہے تاکہ ان کی صحت بہتر رہے۔ انتظامیہ نے یہ اقدام بڑھتی عمر اور وزن کے باعث پیدا ہونے والے امراض کے پیش نظر اس اقدام کا آغاز کیا ہے۔
نمازی روزانہ نماز فجر، ظہر اور عصر کی نماز کے بعد اپنی سہولت سے کچھ وقت نکال کر فٹنس ٹرینر کی نگرانی میں ورزش کرسکتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر اس اقدام کو بہت سراہا جارہا ہے ۔اور صارفین کی جانب سے دیگر مساجد میں بھی ایسی سرگرمیوں کے آغاز کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔