چینی سرحد کے پاس انڈین آرمی کی مشقوں کے دوران دریا پار کرتے ہوئے ٹینک ڈوبا
لداخ؛ انڈین آرمی کا ٹینک دریا پار کرتے ہوئے ڈوبنے سے پانچ فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق لداخ میں چینی سرحد کے قریب انڈین آرمی کی مشقوں کے دوران ٹینک دریا شائی اوک پار کررہا تھا کہ پانی کی سطح اچانک بلند ہونے سے ٹینک ڈوب گیا۔
ٹینک ڈوبنے کی وجہ سے ٹینک میں موجود بھارتی فوج کے پانچ اہلکار ہلاک ہوگئے۔ انڈین آرمی کے کمانڈ سینٹر کے مطابق فوجی تربیت کے دوران دریائے شائی اوک میں پانی کی سطح اچانک بلند ہو جانے کی وجہ سے ٹینک ڈوبا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ حادثہ لداخ کے علاقے سیسر برانگس میں لائن آف ایکچوئل کنٹرول کے قریب پیش آیا۔
اس حادثہ پر بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے مرنے والے فوجیوں کے غم زدہ خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا جبکہ اس حادثے کو انہوں نے بدقسمتی قرار دیا۔
راج ناتھ سنگھ نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر پیغام نشر کرتے ہوئے کہا کہ ’لداخ میں دریا پار کرتے ہوئے بدقسمتی سے پیش آنے والے حادثے کے دوران ہماری بہادر انڈین فوج کے پانچ اہلکاروں کے جان سے جانے پر مجھے شدید دکھ ہوا۔‘
مزید ہلاک ہونے والے فوجیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے بھارتی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ’ہم اپنے بہادر فوجیوں کی قوم کی مثالی خدمت کبھی نہیں بھولیں گے۔ قوم غم کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔
مقبوضہ کشمیر؛ عوام کے بعد کشمیر ی پولیس قابض بھارتی فوج کے تشدد کا شکار
یاد رہے کہ لداخ کے اس علاقے کے متعلق انڈیا اور چین میں باہمی کشیدگی چل رہی ہے۔ اس سے قبل جون 2020 میں کشیدگی اس وقت عروج پر پہنچ گئی جب وادی گلوان کے علاقے میں لڑائی کے بعد 20 انڈین فوجی اور کئی چینی فوجی مارے گئے تھے۔
سرحدی کشیدگی کے پیش نظر دونوں ممالک اپنی فوجی طاقت کا زور سرحد پر بڑھاتے رہتے ہیں ، ابھی 2024 کے آغاز میں بھارت نے اس سرحد پر اپنے فوجیوں کی تعداد کو 2000 سے بڑھا کر 10 ہزار تک کردیا تھا۔ تاہم دونوں ممالک کی یہ کشیدگی دونوں کے سفارتی تعلقات پر بھی اثر انداز ہوئی ہے اور عین ممکن ہے کہ یہ کسی بڑی جنگ کا پیش خیمہ ثآبت ہو۔
Comments 2