امریکی منصوبے کے تحت حماس، اسرائیل جنگ بندی میں حماس کی تجویز کے بعد اسرائیل کے جواب کا انتظار
غزہ؛اسرائیلی فوج کے مختلف حملوں میں مزید 15 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔غزہ کی وزارت صحت کےمطابق وسطی غزہ کے قصبے زویدہ میں ایک گھر پر اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم چھ افراد کی جان گئی اور متعدد زخمی ہو گئے، جب کہ مغربی غزہ میں ایک گھر پر فضائی حملے میں چھ افراد جان سے گئے۔
محکمہ صحت کے حکام کے مطابق شہر کے مشرقی حصے میں اسرائیلی فائرنگ سے مرنے والے تین فلسطینیوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ جبکہ اسرائیلی ٹینکوں نے مصر کے ساتھ جنوبی سرحد پر رفح کے وسطی اور شمالی علاقوں میں حملے تیز کر دیے ہیں۔
دوسری جانب غزہ میں جنگ بندی کے حوالے امریکی منصوبے پر حماس کی تجاویز کے بعد اسرائیل کے جواب کا انتظار ہے۔ حماس نے پانچ روز قبل امریکی منصوبے کا اہم حصہ قبول کر لیا تھا، جس کا مقصد غزہ میں نو ماہ سے جاری اسرائیلی جارحیت کا خاتمہ ہے۔
حماس کے دو عہدے داروں میں سے ایک نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر روئٹرز کو بتایا کہ ’ہم نے اپنا جواب ثالثی کروانے والوں پر چھوڑ دیا ہے اور اسرائیل کے جواب کا انتظار ہے
جنگ بندی کے حوالے سے امریکی صدر جو بائیڈن نے مئی کے آخر میں فلسطینی علاقے کے لیے تین مرحلوں پر مشتمل منصوبہ پیش کیا تھا۔ اس ضمن میں قطر اور مصر ثالثی کر رہے ہیں۔ منصوبے کا مقصد اسرائیلی حملے بند اور حماس کے پاس موجود تقریباً 120 اسرائیلی قیدیوں کو رہا کروانا ہے۔
اس حوالے سے حماس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ اسرائیل کی قطر کے ساتھ بات چیت چل رہی ہے۔ عہدیدار کےمطابق قطر حکام نے اسرائیل کے ساتھ حماس کے جواب پر بات کی ہے اور حماس قیادت کو چند دن میں اسرائیل کے جواب سے آگاہ کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
حماس کے ایک عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ اب حماس یہ مقصد پہلے مرحلے کے چھ ہفتے میں حاصل کرنے کے لیے بات چیت کے لیے تیار ہے۔ اگر اسرائیل نے یہ تجویز قبول کر لی تو اس سے فریم ورک معاہدہ ہو جائے گا اور فائربندی ہو جائے گی۔
اسرائیلی حراست سے 55 فلسطینی رہا ، جیل میں قیدیوں پر کتوں سے تشدد کیا جاتا ہے
اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نتن یاہو نے کہا کہ مذاکرات اس ہفتے جاری رہیں گے لیکن انہوں نے کوئی تفصیلی ٹائم لائن نہیں دی۔ جبکہ جنگ بندی کےلیے حماس نے اس اہم مطالبے سے دست بردار ہو گئی ہے کہ اسرائیل کسی معاہدے پر دستخط کرنے سے پہلے مستقل فائر بندی پر اتفاق کرے۔۔
امریکی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) کے ڈائریکٹر ولیم برنز مذاکرات کے لیے رواں ہفتے قطر کا دورہ کریں گے۔
یاد رہے کہ غزہ کے محکمہ صحت کے حکام کے مطابق اسرائیل کے فوجی حملوں میں اب تک 38 ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، جبکہ غزہ اور ساحلی پٹی کا بڑا علاقہ ملبے میں تبدیل ہوچکا ہے۔