سونے کی قیمتوں میں اضافے کا تسلسل جاری ہے۔
ملک بھر میں سونے کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ نئی قیمتوں کے مطابق 10 گرام سونا 514 روپے مہنگا ہو کر 2 لاکھ 10 ہزار 648 روپے کا ہوگیا۔ جبکہ عالمی مارکیٹ میں 5 ڈالر کے اضافے سے فی اونس سونا 2355 ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق اضافے کے بعد فی تولہ کی قیمت 2 لاکھ 45 ہزار 700 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
صراف اور جیولرز ایسوسی ایشن کے صدر حاجی ہارون رشید چاند نے ڈان نیوز کو بتایا کہ گولڈ کی قیمتیں ملکی تاریخ کی ریکارڈ سطح پر آگئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتیں بڑھنے کے اثرات کی وجہ سے مقامی سطح پر نرخوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں؛پاکستان؛ سونے کی قیمت ریکارڈ بلند ترین سطح کے قریب پہنچ گئی
یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ سال 10 مئی 2023 کو سونے کی قیمت کو فی تولہ اور 10 گرام سونے کی قیمت تاریخ کی بُلند ترین سطح 2 لاکھ 40 ہزار روپے اور 2 لاکھ 5 ہزار 761 روپے پر پہنچ گئی تھی۔
اُس دن میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 9 ہزار 900 روپے اور 10 گرام کی قیمت میں 8 ہزار 487 روپے کا بُلند ترین اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔