امریکا اور آئرلینڈ میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہونے پر پاکستان ورلڈ کپ سے باہرہوا
فلوریڈا؛ امریکہ میں جاری ورلڈ کپ کی دوڑ سے پاکستان باہر ہوگیا ہے۔ ٹی20 ورلڈ کپ میں امریکا اور آئرلینڈ کے درمیان میچ بارش اور گیلے میدان کی وجہ سے منسوخ ہو گیا ہے۔ میچ منسوخی کے باعث پاکستان ورلڈ کپ کی عالمی دوڑ سے باہر ہوگیا ہے۔ جبکہ امریکہ نے سپر ایٹ مرحلے کےلیے کوالیفائی کرلیا ہے۔
امریکہ اور آئرلینڈ کامیچ آج مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے دس بجے جبکہ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7:30 پر شروع ہونا تھا۔ لیکن میدان گیلا ہونے کی وجہ سے ٹاس اور میچ کا آغاز تاخیر کا شکار ہوا۔ امپائرز نے کئی دفعہ میدان کا معائنہ کیا مگر گزشتہ روز ہونے والی شدید بارش کی وجہ سے میدان بہت زیادہ گیلا تھا۔ 3 گھنٹے سے زائد دیر تک مختلف مراحل میں کئی بار معائنے کے بعد بھی میچ کےلیے میدان سازگار نہ بن سکا۔
تین گھنٹے کے انتظار کے بعد امپائرز نے دونوں ٹیموں کے کپتانوں سے مشاورت کے بعد میچ کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔ میچ منسوخ ہونے کی وجہ سے امریکا اور آئرلینڈ کی ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔
امریکہ کو پوائنٹ ملنے کے بعد پاکستان ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر ہوگیا ہے جبکہ امریکہ نے سپرایٹ مرحلے کےلیے کوالیفائی کرلیا ہے۔
ٹی 20 ورلڈ کپ کا پہلا اپ سیٹ؛ امریکانے پاکستان کو سپر اوور میں شکست دے دی
واضح رہے کہ پاکستان نے ٹی20 ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ امریکا کے خلاف کھیلا تھا اور نووارد ٹیم نے دلچسپ مقابلے کے بعد سپر اوور میں پاکستان کو شکست دے کر ورلڈ کپ کا بڑا اپ سیٹ کیا تھا۔ جبکہ اگلے میچ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت پاکستان کو میچ میں فتح کے لیے صرف 120 رنز کا ہدف ملا لیکن پاکستانی بیٹنگ لائن یہ ہدف بھی حاصل نہ کر سکی اور میچ میں شکست سے دوچار ہو گئی تھی۔
اسکے بعد پاکستان کی سپر ایٹ مرحلے تک رسائی امریکہ اور آئرلینڈ میچ پر منحصر تھی کہ اگر امریکہ آئرلینڈ سے میچ ہارگیا تو پاکستان کو سپر ایٹ مرحلے میں شرکت کا چانس مل سکتا تھا۔
مگر میچ منسوخ ہونے کے باعث دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا ہے اور اس طرح امریکہ سپر ایٹ مرحلےمیں پہنچ گیا ہے۔