پودینہ نظام انہضام کو بہتر کرتا ہے اور پیٹ کے امراض میں مفید ہے
قدرت نے انسانی صحت کی بہتری کے لیے بے شمار ایسی نعمتیں پیدا کی ہیں جوانسان کی صحت کےلیے مفید ہیں اور اور جنکا استعمال انسانی صحت کو قدرتی طور پر محفوظ رکھتا ہے۔ ایسے ہی ایک پودینہ ہے۔ پودینہ کے چھوٹے چھوٹے خوشبودار پتوں سے آتی خوشبو اور اس کے ننھے پتوں میں قدرت نے صحت کے بڑے راز رکھ دیے ہیں۔
عام طور پر لوگ یہی جانتے ہیں کہ پودینے کا استعمال صرف کھانوں میں خوشبو اور ذائقے کے لئے کیا جاتا ہے، حالانکہ چھوٹی چھوٹی پتیوں والے اس پودے کو قدرت نے متعدد خصوصیات سے مالا مال کیا ہے۔
پودینے کی کئی ایک اقسام ہیں جن میں سب سے زیادہ قوی قسم جنگلی یا پہاڑی پودینہ کی ہے۔ اسکے علاوہ بستانی پودینہ بھی ایک قسم ہے جوکہ آسانی سے دستیاب ہوتی ہے۔
پودینہ کے فوائد
یوں تو پودینے کے بے شمار فوائد ہیں جن میں سے چند ایک درج ذیل ہیں۔
زہرمار
پودینہ کے پتے کھانوں میں خوشبوں پیدا کرنے کےساتھ زہریلے اثرات کو بھی زائل کرتا ہے۔ افادیت زہریلے کیڑے مکوڑوں کے زہر کا اثر زائل کرنا ہے۔اس کا تجربہ کرنا ہو تو کبھی کسی زہریلے کیڑے کے کاٹنے کے مقام پر پودینے کی پتیاں مل دیں یا پھر پودینے کا رس متاثرہ جگہ پر لگانے سے درد ،جلن میں فوری افاقہ ہوگا۔
کھانسی زکام
پودینے کی پتیوں کا رس کالی مرچ اور کالے نمک کے ساتھ چائے کی طرح اُبال کر پینے سے سردی، کھانسی اور بخار میں راحت ملتی ہے۔
الرجی
پودینہ الرجی کے خلاف موٴثر ثابت ہوتا ہے، خصوصاً الرجی کی ایک شدید قسم جسے طبی اصطلاح میں شریٰ اور عام طور پر پتی اچھلنا یا چھپاکی کہا جاتا ہے۔ اس مرض میں پودینے کے پتوں کی چائے بنا کر پلائی جاتی ہے، جو جلد کی جلن اور خارش رفع کر دیتی ہے۔اس غرض سے پودینے کی 10 گرام تازہ پتیوں کا رس نصف پیالی عرقِ گلاب میں ملا کر پلایا جائے۔
داغ دھبے اور مہاسے
پودینہ حسن کا محافظ بھی ہے۔اس کی پتیاں چہرے کے داغ دھبوں، کیل مہاسوں اور زائد تِلوں سے نجات کا موٴثر علاج ہیں۔
اس کے لئے تازہ پودینے کی پتیوں کو انگور یا گنے کے خالص سرکے کے ساتھ پیس کر چہرے کے متاثرہ حصے پر لیپ کریں۔چند ہی روز کی پابندی سے داغ دھبے دور ہو جائیں گے اور جلد نکھر آئے گی۔جلد کی رنگت صاف کرنے کے لئے پودینے کو پانی میں جوش دے کر پئیں۔پودینے کے پانی سے نہانے کا مشورہ بھی دیا جاتا ہے۔
دارچینی ؛صحت کے بے شمار فوائد کی حامل
ماہواری کی تکلیف
صبح شام پودینے کی چائے ایک ایک کپ پینے یا پودینے کی تازہ پتیوں کا رس استعمال کرنے سے اس تکلیف سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکتا ہے۔
پیٹ کے امراض
پودینہ پیٹ کے امراض میں خصوصی طور پر مفید ثابت ہوتا ہے۔ پیٹ کے بہت سارے مسائل کا حل پودینے کے استعمال سے حل کیے جاسکتے ہیں۔
پیٹ کی کسی بھی قسم کی خرابی میں ایک چمچ پودینے کا رس ایک کپ پانی میں ملا کر پئیں، فوری افاقہ ہو گا۔
قے اور متلی
اگر کھانا ہضم نہ ہو اور دل متلانے لگے، تو اس صورت میں ایک پتیلی میں ایک گلاس پانی لے کر اس میں خشک پودینے کی پتیوں کا پاؤڈر ایک چائے کا چمچ اور چھوٹی الائچی کا پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ ڈال کر اُبال لیں۔اور ٹھنڈا ہونے پر پی لیں۔
نظامِ ہضم
پودینے کا استعمال، خاص طور پر نظامِ ہضم سے جملہ امراض میں مفید ثابت ہوتا ہے۔اس کے استعمال سے غذا آسانی سے ہضم ہو جاتی ہے اور ریاح کی وجہ سے لاحق ہونے والی تبخیر کی شکایت بھی رفع ہو جاتی ہے۔ بھوک نہ لگنا، پیٹ پھولنا، کھٹی ڈکاریں آنا، متلی اور قے کے مریضوں کے لئے بھی فائدہ مند ہے۔پودینے کی پتیوں میں ایک روغن پایا جاتا ہے، جو ہیضے کے جراثیم پر اثر انداز ہوتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ ہیضے کی وبا پھوٹنے پر پودینے کا استعمال اکسیر ثابت ہوتا ہے۔
پودینہ ہر لحاظ سے صحت اور خصوصا نظآم انہضام کا محافظ ہے اور پیٹ کے امراض میں خاصا فائدہ مند ہے۔ اس کا روزمرہ استعمال کرنے سے انسان بہت سی بیماریوں سے بچ سکتا ہے۔
نوٹ! یہ ایک طبی و تحقیقی مضمون ہے کسی خاص مرض میں مبتلا مریض کسی بھی نسخہ کے استعمال سے قبل اپنے معالج سے ضرور رابطہ کریں۔