حوالدار لالک جان شہید نے جراءت و بہادری سے کارگل جنگ میں جان کا نذرانہ پیش کیا۔
راولپنڈی؛ کارگل جنگ میں نذرانہ پیش کرنے والے حوالدار لالک جان شہید کا 25 واں یوم شہادت آج منایا جارہا ہے۔ حوالدار لالک جان شہید کے 25 ویں یومِ شہادت کے موقع پر ملک بھر کی مساجد میں قران خوانی اور دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔ جبکہ پاک فوج نے حوالدار لالک جان شہید کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
علماء نے شہید کے بلندی درجات کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا، علماء کا کہنا ہے کہ زندہ قومیں اپنے محسنوں کے احسانات کو فراموش نہیں کرتیں، شہداء کی قربانیاں ہم سب پر قرض ہیں، شہید سپاہی دھرتی کا بہادر بیٹا تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج، جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس کی جانب سے شہید حوالدار لالک جان شہید کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔25 برس قبل حوالدار لالک جان نے بے مثال جرات و بہادری سے جنگ کارگل میں جان کا نذرانہ پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کا اعلیٰ ترین اعزاز مادر وطن کے دفاع کے لیے جان کا عظیم نذرانہ پیش کرنے والوں کو عطا کیا جاتا ہے، قوم مادر وطن کے دفاع کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر شہداء کی ہمیشہ مقروض رہے گی۔
مایوسی اور بلاجواز تنقید پر تشویش ،عزم استحکام آپریشن وقت کی ضرورت؛ کورکمانڈر کانفرنس
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ لالک جان شہید کی لازوال قربانی اور جوانمردی سپاہیوں کے لیے مشعل راہ ہے۔
یاد رہے کہ حوالدار لالک جان شہید نے 7 جولائی 1999 کو کارگل جنگ کے دوران دشمن کے حملے میں جام شہادت نوش کیا تھا۔ انہیں پاکستان کا اعلی ترین عسکری ایوارڈ نشان حیدر سے نوازا گیا ۔