جوابی کاروائی میں مقامی تنظیموں کے ڈرون حملے کیے گئے
اسرائیل نے شام کے شہر حلب میں فضائی کاروائی کی ۔ آج جمعہ کی صبح فضائی کاروائی میں 38 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ ہلاک ہونے والوں میں سول لوگوں کے ساتھ ساتھ عسکری اہلکار بھی شامل ہیں
خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق دو مختلف سیکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ اسرائیل کی فضائی کارروائی میں عسکری تنظیم حزب اللہ کے پانچ جنگجو بھی مارے گئے ہیں۔
شامی وزارتِ دفاع کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب لگ بھگ پونے دو بجے حلب کے نواحی علاقے میں حملے کیے جب کہ اس کارروائی کے جواب میں حلب کے نواحی علاقے سے ڈرون حملے بھی ہوئے جو مقامی تنظیموں’ کی جانب سے کیے گئے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جارحیت کے نتیجے میں بڑی تعداد میں شہریوں اور فوجی اہلکاروں کی ہلاکت اور پبلک و پرائیوٹ املاک کو نقصان پہنچا ہے۔
شام کی وزارتِ دفاع نے جمعے کو جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل اور حزب اللہ کی جانب سے کی جانے والی کارروائی میں متعدد شہری اور فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔
وزارت نے بیان میں اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ شہریوں اور فوجیوں کی ہلاکتیں آیا اسرائیل کی فضائی کارروائی کے نتیجے میں ہوئیں یا یہ ہلاکتیں لبنانی عسکری تنظیم حزب اللہ کی کارروائی کا نتیجہ ہیں۔
‘بین الاقوامی میڈیا رائٹرز کے مطابق اسرائیل نے فوری طور پر حلب میں فضائی کارروائی پر کوئی ردِ عمل نہیں دیا ہے۔
واضح رہے کہ غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے اسرائیل نے اپنی کارروائیوں کا دائرہ لبنان اور شام تک بڑھا رکھا ہے۔ حزب اللہ سمیت دیگر جنگجو گروہوں کو ایران کی حمایت حاصل ہے جو خانہ جنگی کے شکار ملک شام کے مشرقی، جنوبی اور شمال کے کئی علاقوں پر قابض ہیں۔
خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کے مطابق شام کی سرکاری نیوز ایجنسی ‘سانا’ نے بھی جمعے کی علی الصباح ہونے والے حملے میں فوجیوں سمیت عام شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں ؛جنوبی افریقہ؛ بس کھائی میں گرنے سے 45 افراد جاں بحق
برطانوی تنظیم سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق اسرائیلی حملے حزب اللہ کے راکٹ ڈپو کے قریب ہوئے ہیں اور حملے میں 36 فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ شام میں ایران کے حمایت یافتہ جنگجوؤں کے ٹھکانے ہیں جنہیں وہ نشانہ بناتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس سات اکتوبر کو فلسطینی عسکری تنظیم حماس نے اسرائیل پر حملہ کر کے لگ بھگ 1200 افراد کو ہلاک کیا تھا۔ اس حملے کے بعد شروع ہونے والی غزہ جنگ کے دوران اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان لبنان اسرائیل سرحد پر کئی مرتبہ فائرنگ کا تبادلہ بھی ہو چکا ہے۔
اس خبر میں شامل کچھ مواد وائس آف امریکہ سے لیا گیا ہے