ورلڈ سینٹرل کیچن نامی غیر ملکی این جی او کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا
اسرائیلی فوج نے غزہ میں امدادی کارکنوں کی گاڑی پر حملہ کرکے 7 امدادی کارکنوں کو ہلاک کردیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ کے وسطی علاقے میں ورلڈ سینٹرل کیچن نامی غیر ملکی این جی او کی گاڑی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 7 ملازمین ہلاک ہوگئے۔
اسرائیلی فوج نے این جی او کی 3 گاڑیوں کو اُس وقت نشانہ بنایا جب وہ گودام میں امدادی سامان اتار کر واپس لوٹ رہے تھے۔ گاڑی میں سوار تمام افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
این جی او نے اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے بتایا کہ حملے میں 7 ملازمین مارے گئے جن کا تعلق فلسطین، آسٹریلیا، پولینڈ اور برطانیہ سے ہے۔ دو افراد کے پاس امریکا اور کینیڈا کی دہری شہریت بھی تھی۔
یہ بھی پڑھیں؛مکمل تباہ کرنے کے بعد اسرائیلی فوج نے 15دنوں بعد الشفاء ہسپتال خالی کردیا
عالمی میڈیا کے مطابق امدادی کارکنوں پر اسرائیلی حملے کو حماس نے امدادی کارکنان کو خوف زدہ کرنے کی سازش قرار دے دیا۔
۔ این جی او کی طرف سے دعوی کیا گیا ہے کہ گاڑی کی نقل و حرکت سے متعلق اسرائیلی فوج کو آگاہ کردیا گیا تھا اس کے باوجود نشانہ بنایا گیا
تاہم غیرملکی این جی او ورلڈ سینٹرل کچن نےغزہ میں امدادی کارکنوں پر حملے کی تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا ہے ۔
Comments 2