حادثہ کے بعد ایرانی صدر کا ہیلی کاپٹر لاپتہ ہوگیا تھا ، تاہم موسم کی خرابی کی وجہ سے تاحال تلاش جاری ہے
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کی تلاش جاری ہے۔ ابراہیم رئیسی آزربائیجان میں ایک ڈیم کا افتتاح کرکے واپس آرہےتھے کہ انکا ہیلی کاپٹر حادثہ کا شکار ہوگیا۔ حادثہ کے بعد تاحال انکے ہیلی کاپٹر کی تلاش جاری ہے۔ایرانی صدر ابراہیم رئیسی ایران اور آذربائیجان کی سرحد پر اپنے ہم منصب الہام الیو کے ہمراہ ڈیم کے منصوبے کا افتتاح کرنے کے لیے گئے تھے اور وہاں سے واپسی پر ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آیا۔
خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر نے آذربائیجان کے مشرقی صوبے میں رف لینڈنگ کی جس کے بعد جائے حادثہ پر امدادی ٹیمیں روانہ ہو گئی تھیں۔ یہ حادثہ ورزاغان کے علاقے میں علاقے دزمر میں جنگلات سے بھرپور پہاڑی علاقے میں پیش آیا جس کی وجہ سے امدادی کاموں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
جبکہ دوسری طرف ایران کے وزیر داخلہ احمد واحدی نے کہا ہے کہ خراب موسم کی وجہ سے قافلے میں شامل ایک ہیلی کاپٹر نے ہنگامی لینڈنگ کی اور ہیلی کاپٹر سے رابطہ کرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھی سخت موسمی حالات اور دھند کی وجہ سے امدادی ٹیموں کو جائے حادثہ تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
بھارت اور ایران کا چاہ بہار پر معاہدہ؛ امریکہ کی وارننگ
ایرانی صدر کےسکواڈ میں تین ہیلی کاپٹر شامل تھے جن میں سے دو ہیلی کاپٹر محفوظ مقام پر پہنچ چکے ہیں ۔ تاہم خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ جس طیارے کو حادثہ پیش آیا اس میں ایرانی صدر کے ساتھ ساتھ وزیر خارجہ حسین عامر عبداللہیان اور کچھ مقامی اہم عہدیداران بھی سوار تھے۔
یاد رہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی 2021 سے ایرانی صدر کے منصب پر فائز ہیں۔ جبکہ گزشتہ ماہ وہ اعلی سطحی وفد کے ہمراہ پاکستان کا تاریخی دورہ بھی کرچکے ہیں۔