نئے امیر جماعت اسلامی کے انتخاب کےلیے سراج الحق، لیاقت بلوچ اور حافظ نعیم کے زیر غور تھے
جماعت اسلامی پاکستان کے نئے امیر کےلیے حافظ نعیم الرحمان کا نام منتخب کیا گیا ہے۔ نئے امیر کی مدت 2024 تا اپریل 2029 تک ہو گی، امیر جماعت اسلامی کا ہر پانچ سال بعد انتخاب دستوی تقاضا ہے۔
امیر کے انتخاب کے لیے پارٹی کے صدر انتخابی کمیشن نے رہنمائی کے لیے 3 ناموں کا اعلان کیا تھا، جن میں سراج الحق، لیاقت بلوچ، حافظ نعیم الرحمٰن شامل تھے۔
ملک بھر سے 46 ہزار اراکین نے اپنا ووٹ خفیہ بیلٹ کے ذریعے کاسٹ کیا جن میں 6 ہزار خواتین بھی شامل تھیں۔ صدر انتخابی کمیشن راشد نسیم نے نتائج کا اعلان کیا۔
حافظ نعیم الرحمن پارٹی کے چھٹے امیر ہیں۔ اس سے قبل مولانا مودوی، میاں طفیل ،قاضی حسین احمد، سید منور حسن اور سراج الحق امارت کے عہدے پرفائز رہ چکے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان اس سے قبل جماعت اسلامی کراچی کے امیر تھے۔ وہ کراچی میں فعال رہے ہیں تاہم اب وہ منصورہ لاہور کو اپنا مرکز بنائیں گے۔
حافظ نعیم الرحمان نے این ای ڈی یونیورسٹی سے بی ای سول انجینئرنگ اور کراچی یونیورسٹی سے اسلامک ہسٹری میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔ نعیم الرحمان زمانہ طالب علمی میں اسلامی جمعت طلبہ سے وابستہ رہے اور دو سال ناظم اعلیٰ بھی رہے۔
عملی سیاست کا آغاز انہوں نے جماعت اسلامی سے کیا اور 2013 میں وہ پہلی بارکراچی کےامیر منتخب ہوئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں؛بھارت؛ جماعت اسلامی پر مزید پانچ سال کے لیے پابندی عائد
یاد رہے کہ جماعت اسلامی پاکستان ہر پانچ سال بعد انٹراپارٹی الیکشن کرواتی ہے جس کے تحت نئے امیر کاانتخاب ہوتاہے۔ انٹراپارٹی الیکشن میں ملک بھر سے 46 ہزار اراکین نے اپنا ووٹ خفیہ بیلٹ کے ذریعے کاسٹ کیا جن میں 6 ہزار خواتین بھی شامل تھیں۔ صدر انتخابی کمیشن راشد نسیم نے نتائج کا اعلان کیا۔